لاہور: پیٹرولیم منصنوعات کے قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھی گئی۔
عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے عدالت سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے حالیہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔
اتوار کے روز وفاقی حکومت نے اگلے پندرہ دنوں کے لیے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے ۔
فنانس ڈویژن نے پیٹرول کی قیمت 265.61 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جو کہ گزشتہ 258.16 روپے فی لیٹر سے 7.45 روپے زیادہ ہے ۔
اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل اب 277.45 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے، جو کہ 267.89 روپے فی لیٹر کے پچھلے نرخ سے 9.56 روپے زیادہ ہے۔

