English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فلورملوں کی ہڑتال ‘ آٹے کی قلت اورتندرو بھی بند ہونے کا خدشہ

القمر

لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ( آن لائن/صباح نیوز ) ملک بھر میں ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں آٹے کا اسٹاک ختم ہونے سے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا،قلت کو دیکھتے ہوئے مختلف مقامات پر آٹا ڈیلرز اور دکانداروں نے من مانے نرخوں پر فروخت شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم کرنے پر بضد ہے۔ فلور ملوں سے ڈیلروں کو سپلائی بندہونے کی وجہ سے آٹے کی قلت پیدا ہونا شروع ہو گئی ہے اور کئی علاقوں میں دکانداروں کے پاس آٹے کا اسٹاک ختم ہو گیا ہے۔لاہور میں فلور ملز کی ہڑتال کی وجہ سے آٹے کی قلت پیدا ہو گئی ، تندور بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔آٹا ملز کی ہڑتال نے نان روٹی ایسوسی ایشن کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔فلورملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے ابھی تک ہمارے مطالبے پر سنجیدگی نہیں دکھائی ، ہمارا اٹل فیصلہ ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جائیں گے پاکستان بھر میں فلور ملیں بند رہیں گی۔ڈیلرز کے مطابق فلور ملز کی بندش کے باعث لاہور کی متعدد مارکیٹوں میں آٹے کا2 سے3 روز کا اسٹاک رہ گیا، ملز سپلائی دیں گی تو ہی دکانداروں کو آٹا فراہم کر سکیں گے۔کئی علاقوںمیں آٹے کی قلت پیدا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے شہریوںنے چکی آٹے کی خریداری شروع کر دی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میںچند ایک دکاندار مقررہ نرخوں پر آٹے کی فروخت کر رہے ہیں تاہم زیادہ تر علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800روپے کی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔ دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تمام فلور ملز بند ہیں،گندم کی پسائی بند ہونے سے مارکیٹ میں آٹا سپلائی رک گئی ہے، کوئٹہ شہر کی تمام فلور ملز سے آٹے کی پسائی اور سپلائی معطل ہونے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں 200 سے 400 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹا ملز مالکان نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال کی جارہی ہے، پہلے ہی آٹے کا کاروبارکرنے والے بھاری ٹیکس ادا کر رہے ہیں، حکومت کسی بھی معاملے میں آٹا ملز مالکان کو اعتماد میں نہیں لیتی، احتجاج کا سلسلہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے کہا کہ اگر آٹا ملز نے ہڑتال ختم نہ کی تو مجبورا تندور بند کرنا پڑیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے