ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران یوکرین میں فوج نے33 حملوں میں فوجی سازوسامان تیار کرنے والی اور انہیں توانائی فراہم کرنے والی تنصیبات کو انتہائی حساس اسلحہ سے نشانہ بنایا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں روسی فوج کی جانب سے یوکرین میں 20 جولائی سے 26 جولائی کے درمیان کی گئی کارروائیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران یوکرین کے خلاف شدید حملے کیے گئے۔ روسی مسلح افواج نے انتہائی حساس ہتھیاروں اور ڈرون کے ذریعے33 حملے کیے ،جن کے نتیجے میں یوکرینی فوج کی صنعتی تنصیبات، بکتر بند گاڑیوں کی تیاری اور مرمت کرنے والی فیکٹریوں اور انہیں توانائی فراہم کرنے والی تنصیبات کو تباہ کیا گیا ۔ یوکرین کی ڈرون اسمبلی ورکشاپس، گولا بارود کے گودام ، میزائل اور توپ خانے، فوجی سامان اور اہلکاروں پر مشتمل فوجی ٹرینیں اور غیر ملکی فوجیوں کے عارضی ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔ کارروائیوں کے دوران 63 یوکرینی فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔یاد رہے کہ حال ہی میں یوکرینی وزیرخارجہ نے دورئہ چین کے دوران مذاکرات پر مشروط آمادگی کا اظہار کیاتھا۔
