دوحہ:قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی
رپورٹ کے مطابق حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
دوسری جانب اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن بھی قطر پہنچے تھے۔
ہزاروں افراد نماز جمعہ کے بعدشہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے دوحہ کی امام محمد بن عبدالوہاب مسجد پہنچے، اسماعیل ہنیہ کوقطری دارالحکومت کے شمال میں واقع لوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔
نمازِ جنازہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، والد امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی، شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی، قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، سرکاری وفود ، فلسطینی و اسلامی تحریکوں کے رہنما ؤں اور دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ترکی اور پاکستان نے حماس کے رہنما شہید اسماعیل ہنیہ کے لیے ایک روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ۔

