کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر حالات بے قابو ہو گئے تو وزیراعظم کو ائرپورٹ جانے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔
ملک میں مہنگی بجلی و گیس، بے جا ٹیکسز، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں اور حکومتی اخراجات کم کرنے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے کراچی میں گورنر ہاؤس پر جاری دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حالات اگر بے قابو ہو گئے تو شہباز شریف کو ائرپورٹ جانے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والوں نے ظلم کے نظام کو انتہا تک پہنچا دیا ہے، اس وقت ملک پر عملاً غیروں کا قبضہ ہے اور ہم اس قابل بھی نہیں رہے کہ اپنے فیصلے اپنی مرضی سے کر سکیں۔غیروں کا ٹولہ پاکستانی قوم کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار ملازمت پیشہ لوگوں پر ٹیکس عائد کرکے ان کا گلا گھونٹ دیا ہے۔مڈل کلاس تنخواہ دار حکومت کو ٹیکس بھریں یا اپنے گھر کو چلائیں؟۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کسی سے تصادم نہیں ہے، لیکن حالات اس نہج پر آ چکے ہیں کہ اگر ظلم سہنے والے عوام خود گھروں سے نکل کر حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے تو پھر ان کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ جگہ جگہ پر یہ لوگ پکڑے جائیں گے اور حالات بے قابو ہو گئے تو پھر اس کا ذمے دار کون ہوگا؟
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، آپ تو پہلے بھی فرار ہوتے رہے ہیں، مگر اس بار ایسا نہ ہو کہ حالات اس طرح کے خراب ہوں کہ آپ کو اس بار کہیں نہ ائرپورٹ جانے کا موقع ملے اور نہ کوئی لانچ پکڑنے کا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حالات بے قابو ہونے سے قبل حکومت عوام کے مطالبات مانتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کرے۔ ہم جعلی ٹیکسوں کےدھندے اور سودی معیشت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق فیصلے ہوئے تو خود وزیراعظم شہباز شریف اپنے پورے خاندان سمیت اور اتحادی پارٹی گھر چلی جائے گی۔ وزیراعظم عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے عوام کے مطالبات پر توجہ دیں اور ریلیف دیں، ایسا نہ ہو کہ عوام کا یہ دھرنا حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہو جائے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ریلیف اور حقوق کے لیے مطالبات کرنا عوام کا جائز حق ہے، انہیں تسلیم کیا جائے۔ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو لاہور،پشاور اورکوئٹہ کے گورنر ہاؤسز پر بھی دھرنے دیے جائیں گے۔شاہراہیں بند کردی جائیں گی،جماعت اسلامی کی تحریک اپنے سروں سے ظالم حکمرانوں کو ہٹانے کی تحریک ہے۔ ہم نے تحریک کے پہلے مرحلے میں 7نکاتی ایجنڈا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم کرتے ہوئے لاگت کے مطابق بل بھیجے جائیں۔ اس سے قبل کہ ہم عوام سے بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی اپیل کریں حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

