اسلام آباد: سندھ کے وزیر برائے توانائی و منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سولر پارک بنانے جارہے ہیں جن سے بننے والی بجلی این ٹی ڈی سی کو دیں گے، زیرو سے تین سو یونٹ تک بجلی فری کریں گے، فوری ریلیف کے لیے سولر پینلز دے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاق میں ہماری حکومت نہیں ہے اگر ہماری حکومت ہوتی تو تین سو یونٹ بجلی مفت ہوتی۔ میرا ڈیپارٹمنٹ منصوبہ بندی اور ترقیات کا ہے اور اجکل بجلی کا مسلئہ ہی سب سے زیادہ ہے۔ بلوچستان اور سندھ میں ہماری حکومت ہے ابھی ہم صفر سے ایک سو یونٹ فری بجلی کے حوالے سے پلان کر رہے ہیں، دوسرے مرحلے میں ہم تین سو یونٹ تک کریں گے تاہم سولر پینل پر ہم کام کر رہے ہیں اور اس کی بیڈز بھی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولر کے زریعے عوام کو ریلیف دیا جائے گا، سندھ میں ایکسو، سیپکو اور کیسکو کام کر رہے ہیں ان کو پہلے یہ سہولت دی جائے گی اور سولر پارک بنائے جائے گے یہ ہی ہمارا اصل پروگرام ہے۔ اگست میں اسے تقسیم کیا جائے گا، اس کا طریقہ کار بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کم سکور ہے اس کے ذریعے کیا جائے گا، 1300 ہزار کے قریب شناخت کر لی ہے، پانچ ہزار گھروں کو دیکھ رہے ہیں ایک دو یا تین سولر پینل دینے کے ساتھ ساتھ ایک پنکھا، ایک بلب اور ایک چارجر دیا جائے گا۔

