اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ کے نفاذ کے بعد سے ایک ہفتے معمولی کمی کے بعد مہنگائی کی شرح میں پھر سے اضافہ ہوگیا ہے اور حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.30 فیصد اور سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی کی شرح 17.96فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 8 اگست کوختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کے 7 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 23اشیا کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ رفتہ میں پیازکی قیمت میں 32.23 فیصد، انڈے 4.28 فیصد، لہسن 3.23فیصد، ایل پی جی 1.73فیصد، جارجیٹ 1.32 فیصد، دال ماش 0.98 فیصد، دال چنا 0.95 فیصد، دال مونگ 0.83 فیصد، آلو0.70 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.56فیصد، چکن 0.52 فیصد اورسگریٹ کی قیمت میں 0.09 فیصدکااضافہ ہواہے۔ سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ واربنیادوں پر0.46 فیصدکی کمی ہوئی ہے، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر 29517روپے، 29518 روپے سے لیکر 44175روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.40 فیصد، 0.34 فیصد، 0.32 فیصد اور0.27 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیا جاتاہے۔
