اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی گرفتاری کے بعد مزید 3 ریٹائرڈ فوجی افسران کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ تینوں ریٹائرڈ افسران فوجی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، یہ افسران مخصوص سیاسی مفادات کے تحت ملی بھگت سے عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے، اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ان تینوں افسران کو کورٹ مارشل کی کارروائی کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھیوں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو بھی فوجی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا تھا، اور ان کے خلاف فیلڈ کورٹ مارشل کی کارروائی جاری ہے۔

