جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں بے امنی کے خلاف سبزی منڈی یونین کا احتجاج ،قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر روڈ بلاک ،سخت نعرے بازی ،ضلع کی 3 ہزار نفری بنگلوں پر لگی ہوئی ہے عوام کو تحفظ دینے کے لیے پولیس نفری شہر میں نہیں امن کا قیام ایس ایس پی کے بس میں نہیں وہ دعا دھاگے کا کام کریں مظاہرین کا مشورہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد سبزی منڈی یونین کی جانب سے بے امنی کے خلاف منڈی سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں دیدار علی ،احمد علی کہرل اور دیگر نے شرکت کی مظاہرین نے بے امنی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا جس کے باعث دونوں اطراف سے ٹریفک معطل ہو گئی مشتعل مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کیے۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 3 ہزار سے زائد پولیس نفری ہے جو بنگلوں پر لگائی گئی ہے عوام کے تحفظ کے لیے شہر میں پولیس نفری موجود نہیں ،ایس ایس پی شا کے بس میں امن کا قیام نہیں وہ اب دعا دھاگے کا کام کریں ، شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں آئے روز بیوپاریوں کو لوٹا جارہا ہے بے امنی کی وجہ سے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس امن کو بحال کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، دن دھاڑے شہریوں کو لوٹا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی یونین کی جانب سے امن و امان کی بحالی کے لیے تحریک شروع کی گئی ہے جو امن کی بحالی تک جاری رہے گی۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ تین روز تک بے امنی کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کو بحال کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
