English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انسانی المیے نے کانگو کو منکی پاکس کے چنگل میں پھنسادیا 

افریقی ریاست کانگو میں ایک بڑے انسانی المیے نے منکی پاکس کو پھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ دنیا بھر میں منکی پاکس کے کم و بیش 17 ہزار کیس رجسٹر کیے گئے ہیں اُن میں سے 96 فیصد کا تعلق کانگو سے ہے۔ کانگو میں منکی پاکس سے 500 سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو منکی پاکس نے گھیرلیا اُنہیں بھی اپنے گھیرے جانے کا کچھ علم نہ تھا۔ وہ انجانے ہی مارے گئے۔ 

کانگو میں ایک نیا ویریئنٹ سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے عالمگیر ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔ دنیا بھر میں حکومتیں منکی پاکس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ویکسی نیشن کی تیاری کر رہی ہیں۔ ترقی یافتہ دنیا میں اس حوالے سے زیادہ اور تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ 

کانگو وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ملک ہے۔ یہ ملک ایک زمانے تک خانہ جنگی، بلکہ خانی جنگیوں کی لپیٹ میں رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کے لیے زندگی اذیت ناک ہوچکی ہے۔ انتظامی مشینری کی خرابیوں نے صحتِ عامہ کے مسائل بھی بڑھادیے۔ ملک میں خوراک کی قلت بھی غیر معمولی رہی ہے۔ غذا اور غذائیت کی کمی نے دوسری بہت سے مسائل کے ساتھ ساتھ صحت کے مسائل بھی دوچند کردیے ہیں۔ 

عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق کانگو میں منکی پاکس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جو کچھ کیا جاسکتا تھا وہ بالکل نہیں کیا گیا۔ حکومت نے اس طرف توجہ دینے کی زحمت ہی گوارا نہ کی اور لوگوں کو اس حوالے سے آگہی فراہم کرنے کا فریضہ بھی انجام نہیں دیا۔ 

کانگو کے 26 صوبوں میں منکی پاکس کے کیس سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد اُس سے کہیں زیادہ ہے جو بیان کی گئی ہے۔ بہت سے لوگ غربت کے باعث علاج تو کیا، تشخیص کے مرحلے سے بھی گزرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے