کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اوریوسی چیئرمین 1ماڈل کالونی توفیق الدین صدیقی نے کہا ہے کہ 3دن میں اہلیان ماڈل کالونی و ملیرکے پانی کا مسئلہ حل نہ ہواتو نیشنل ہائی وے بند کردیں گے،کے الیکٹرک ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن پر لوڈ شیڈنگ کا طویل دورانیہ پانی کی ترسیل میں رکاوٹ بن رہا ہے،3ماہ میں ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن کو لوڈ شیڈنگ فری کیا جائے۔
جماعت اسلامی کے تحت ماڈل کالونی کے مکینوں کوپانی کی عدم فراہمی کے خلاف ٹینک چوک ایم ایم عالم روڈ ماڈل کالونی پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری،یوسی چیئرمین نے کہاکہ اہلیان ماڈل کالونی و ملیر کا احتجاج تنبیہ سمجھا جائے ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن اور آئی بی سی ملیر ہماری پہنچ سے دور نہیں،ملیر اور ماڈل کالونی کی عوام میٹھے پانی سے محروم ہیں جس کی ذمہ دارصوبائی اور بلدیاتی حکومت ہے۔
علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر تحریر تھا کہ ماڈل کالونی کو پانی کی سپلائی مکمل بحال کرو،ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن کو لوڈ شیڈنگ فری کرو۔شرکاء نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

