جامشورو(نمائندہ جسارت)کوٹری جامشورو اور اسکے گرد نواح میں بارش ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر جامشورو ریاض حسین وسان نے اچانک مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔اِس موقع پر اْن کے ہمراہ، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی جامشورو بلال قادر شورو، چیف آفیسر میونسپل کوٹری اعجاز علی خاصخیلی، PA ٹو عرفان علی چنا سمیت میونسپل کوٹری، بولہاری اورٹاؤن جامشورو کا اسٹاف موجود تھے۔ برساتی دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جامشورو ریاض حسین وسان نے کوٹری تعلقہ اسپتال پوسٹ آفس اور کوٹری ڈرینیج Aاور B پر پہنچ کر صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر جامشورو نے چیف افسر میونسپل کمیٹی کوٹری سے بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کے متعلق تفصیلات معلومات حاصل کیں۔ اِس موقع پر ڈ پٹی کمشنر جامشورو کو آگاہ کیا گیا کہ عملہ بارش کا پانی نکاسی اور صفائی ستھرائی کا کام بہتر طریقے سے کر رہے ہیں۔ بعد اَزاں ڈپٹی کمشنر جامشورو نے میونسپل بولہاڑی اور ٹائون کمیٹی جامشورو کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے میونسپل بولہاڑی اور ٹاؤن کمیٹی جامشورو کے عملداروں کو سخت ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کو نکاسی کرنے کیلئے مزیدبہتر اِقدامات کرتے ہوئے شہر کو صاف کیا جائے۔ تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری یا تکلیف پیش نہ آ سکے، اس ضمن میں جو بھی افسر اپنے فرائض میں کوتاہی برَتے گا اسکے خلاف کاروائی کی جائیگی۔
