لاہور (نمائندہ جسارت ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی، ملک کے سلامتی اداروں پر حملے قابل قبول نہیں، 2014ء کے دھرنے والا طریقہ اب استعمال نہیں کرنے دیں گے، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، 9 مئی کے ذمے داروں کو سزا ملے گی۔لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری کے 981 ویں عرس کی تقریبات کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو، پاکستان کی بہتری، معاشی ترقی، خوشحالی کے لیے دعا کریں، یہ ملک ایک گلدستہ
ہے، وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستے کی مانند ہے جو کہ کلمہ شریف کے نام پر بنا ہے، اس کی حفاظت بھی اللہ تعالیٰ تاقیامت کرے گا۔نائب وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مسلم امہ کے 57 ممالک کی سربراہی کرنا اس ملک کی تقدیر ہے، اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو ان ہستیوں کی دعاؤں سے اور نبی ؐ کے صدقے سے ایٹمی قوت بنایا، میاں محمد نواز شریف نے دسمبر 1998ء میں مثالی پروگرام ترتیب دیا، پاکستان میزائل قوت بن چکا ہے، اب معاشی قوت بنانا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا پاکستان تاقیامت قائم رہے گا، الحمداللہ ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے یہ مدینہ منورہ کے طرز پر مسجد سے لے کر غلام گردش تک آٹومیٹک چھتریوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ خود کھلتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ یہ اگلے عرس سے قبل تکمیل کو پہنچ جائے۔