کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خمیر میں کراچی دشمنی ہے وہ کر اچی کے کیے کچھ نہیں کرنا چاہتی، قبضہ مئیر نااہل ہیں، ان میں بلدیہ کا انتظام چلانے کی صلاحیت نہیں، پیپلز پارٹی کے قبضہ مئیر کو ٹاؤن و یوسی چیئرمینز کو اختیارات ہر صورت میں دینا پڑیں گے۔
سندھ حکومت و قبضہ میئر کی نااہلی و ناقص کارکردگی، شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی و انفرا اسٹرکچر کی تباہی، پانی کے بحران اور صفائی ستھرائی کے ناقص نظام، ٹاؤن اور یوسی کی سطح تک اختیارات ووسائل کی عدم منتقلی کے خلاف ہفتہ کو کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں ٹاؤن ویوسی چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز شریک ہوئے، بلدیاتی نمائندوں نے مختلف بینرز و پلے کارڈ ز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر ”نااہل قبضہ مئیر کراچی کی جان چھوڑو، پیپلز پارٹی والو! کراچی دشمنی ختم کرو، ٹاون و یوسی کو فنڈ دو، کے الیکٹرک مئیر گٹھ جوڑ نامنظور، ٹیکس لیتے ہو پانی تو دو، ابلتے گٹر،ٹوٹی سڑکیں نااہل قبضہ مئیر شرم کرو، 96% ٹیکس لیتے ہو سڑکیں کیوں نہیں بناتے؟ بدحال کراچی،ریونیو 96%،بلدیاتی اختیارات 0%“ و دیگر نعرے درج تھے۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت وصیت اور وراثت پر چل رہی ہے، پیپلز پارٹی براہ راست 16 سال سے سندھ پر قابض ہے اس کے باوجود کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہے،16 سال میں کراچی کے لیے ایک بوند پانی میں اضافہ نہیں ہوا،پیپلز پارٹی نے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے اربوں روپے کے قرض لیے لیکن یہ اربوں روپے کی رقم کرپشن کی نذر ہوگئی کراچی کو کچھ نہیں ملا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے نام پر کراچی کے وسائل پر ڈاکا ڈالا ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت کے مطابق اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے، مزاحمتی تحریک بھی چلائیں گے۔ سندھ حکومت و قبضہ میئر کی نا اہلی کو بے نقاب کریں گے۔بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسز سے کراچی ہر شہری پریشان ہے۔ 28 اگست کی ہڑتال ہر صورت ہوگی۔ اہل کراچی و تاجر 28 اگست کی ہڑتال کو کامیاب کر کے پاکستان میں پیغام دیں گے کہ مہنگی بجلی نامنظور تنخواہ دار پر ناجائز ٹیکسز نامنظور۔

