بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں دو نوجوان بہنوں کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں جبکہ اُن کا سوتیلا باپ موہن روپوش ہے۔ 14 سالہ سرشٹی اور 16 سالہ سونی کی لاشیں گھر کے اندر سے ملی ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے ثابت ہوگیا ہے کہ گھر کے اندر صرف موہن تھا اور وہی فوٹیج میں باہر جاتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
سرشٹی اور سونی کی ماں انیتا نے موہن سے تین سال قبل شادی کی تھی۔ تب سے اب تک اُن کے درمیان جھگڑے ہوتے رہے ہیں۔ موہن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بہت الجھا ہوا تھا۔ وہ بات بات پر ہتھے سے اکھڑ جاتا تھا اور جھگڑنے لگتا تھا۔
موہن کو یہ بات پسند نہیں تھی کہ اس کی سوتیلی بیٹیاں کسی لڑکے سے بات کریں۔ وہ تو اس بات کو بھی پسند نہیں کرتا تھا کہ اسکول میں وہ کسی لڑکے کے نزدیک بیٹھیں۔
انیتا نے میڈیا پرسنز کو بتایا کہ صبح جب وہ کمرے میں داخل ہوئی تو وہاں خون بکھرا ہوا تھا اور پھر اُس نے دیکھا کہ اُس کی دونوں بیٹیوں کی لاشیں وہاں پڑی تھیں۔ دونوں کے گلے کاٹ دیے گئے تھے۔ موہن غائب تھا۔ انیتا کا کہنا ہے کہ وہ اکثر کہا کرتی تھی کہ یہ ابھی بچیاں ہیں، اِنہیں بار بار سرزنش کرنا درست نہیں مگر موہن باز نہ آتا تھا اور اُنہیں لتاڑتا رہتا تھا۔

