کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر عوام اور تاجر بدھ 28اگست کوملک بھر میں کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال سے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ مہنگی بجلی اور عوام و تاجرو ں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف ہڑتال حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہوگی، جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے لئے 14روزہ دھرنے کے بعد حکومتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے حکومت کا تعاقب جاری رکھا ہے،پیپلز پارٹی 16سال سے مسلسل سندھ پر حکومت کررہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہرسال تھوڑی سی بارش بھی سندھ حکومت اور کے ایم سی کی نااہلی وناقص کارکردگی کی قلعی کھول دیتی ہے،قبضہ میئر نے شہر میں گٹروں پر ڈھکن رکھے اور نہ ہی نالوں کی صفائی مکمل کی،بارشوں کی حالیہ پیش گوئی اور اربن فلڈنگ سے شہری خوفزدہ ہیں،کے الیکٹرک برسوں پرانے بوسیدہ پلانٹس اور ناقص ترسیلی نظام کے ذریعے کراچی کے عوام کو ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہی ہے اور لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا عذاب بھی ڈھارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک کوسالانہ 174ارب روپے کی سبسڈی دینے کے باوجود عوام کو بلاتعطل اور سستی بجلی نہیں مل رہی، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک سمیت شہرکے ہر مسئلے پر آواز اٹھائی ہے اور عوام کی حقیقی ترجمان بنی ہے،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم فارم 47کے ذریعے عوام پر مسلط کی گئی ہیں،عوام ان پارٹیوں کو انتخابات میں مسترد کرچکے ہیں۔

