راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے بانی چئرمیں عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خدشہ ہے انہیں ملٹری کورٹس لے جائیں گے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلاء رہنماؤں نے ملاقات کی جس کے بعد وکیل انتظار پنجوتھہ نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان کو خدشہ ہے کہ انہیں ملٹری کورٹس میں لے جایا جا سکتا ہے۔
انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر نے مشترکہ طور پر بتایا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کے مختلف کیسز پر بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملٹری کورٹس سے متعلق دی گئی درخواست پر بھی گفتگو ہوئی۔
وکلاء نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اس معاملے کی فوری سماعت کی جائے، مگر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس درخواست پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔
انتظار پنجوتھہ نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے کہ کسی سویلین کیس کو ملٹری کورٹ میں نہیں بھیجا جا سکتا۔ عمران خان نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ایک سابق وزیراعظم کو ملٹری کورٹ میں لے جایا جا رہا ہے۔
وکیل رہنما نے بتایا کہ عمران خان نے نیب ترامیم کے فیصلے کی جلد سنائی کی بھی درخواست کی ہے۔ ملاقات کے دوران القادر ٹرسٹ کیس اور مخصوص نشستوں کے کیس سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، اور عمران خان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ بھی جلد آنا چاہیے۔

