فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنما سردارظفرحسین خاں نے کہاہے کہ قومی سیاسی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے سیاسی قیادت کو اپنی انا ترک کرنا ہوگی ورنہ مفادات کے تحفظ کی سیاست سب کو رسوا کردے گی جس کا نقصان ملک اور عوام کا ہوگا ۔ قومی سیاسی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اتفاق کرے تو ریاستی مقتدر قوتوں سے ڈائیلاگ ملک، عوام اور فوج کے لیے مثبت اثرات پیدا کریں گے۔ ملک کو بحرانوں سے نجات دِلانے کے لیے آئین کے نفاذ اور قومی سیاسی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے قومی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حالات اِس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ اہم ترین قومی سیاسی قیادت بھی کسی صورت ذاتی انا، ضداور انتقامی روش ترک کرنے کو تیار نہیں۔ اب وقت ہے کہ ہم اپنے اِن منفی رویوں میں مثبت تبدیلی لائیں، قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کیلئے سیاسی ہمت اور جرأت پیدا کریں۔ سیاسی قیادت کا امتحان ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کے لیے وہ کس کردار اور اہلیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری ، بجلی، ٹیکس اور آئی پی پیز کا عذاب ملک و ملت کے لیے ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ ملک گیر پُرامن ہڑتال نے حکومت کو متنبہ کردیا ہے کہ عوام کو ریلیف دیں، تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقہ کی منتخب قیادت کے احتجاج کو سنیں اور بزدلی چھوڑ کر ملک اور عوام کو سنبھالنے کے اقدامات کریںوگرنہ عوام اور تاجر اگلے مرحلہ میں سخت ترین احتجاج کی طرف جاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو اُمید، حوصلہ دینے اور پُرعزم بنانے کے لیے ممبر سازی مہم مثبت قومی کردار ادا کرے گی اور جماعت اسلامی کے پیغام اور عام آدمی کے درمیان بااعتماد قربت پیدا کرے گی۔
