حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) انڈس کلائمنٹ فورم کی جانب سے ماحول دشمن جامشورو کول پاور پلانٹ کے خلاف اولڈ کیمپس سے حیدرآباد پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں جامشورو کول پاور پلانٹ کے متاثرہ علاقوں کی رہائشی خواتین، نوجوانوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں مہوش لغاری، اکرام اللہ، عالیہ بخشل تھلو، نظیر قریشی اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے دوران انڈس کلائمنٹ فورم کے میڈیا کو جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ جامشورو کول پاور پلانٹ ماحول دشمن اور زندگیوں سمیت آئندہ نسلوں کے لیے زہر قاتل ہے، اس پلانٹ کے شروع ہونے سے علاقے کی تمام زراعت تباہ ہو جائے گی، جبکہ اس کے ساتھ ہی کول پلانٹ کا گندا اور زہریلا پانی دریا میں چھوڑنے سے جہاں تمام آبی حیات کی زندگیوں کو بھی خطرہ ہے وہیں کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر علاقوں کیلیے جانے والا پانی بھی زہریلا ہو جائے گا۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ جامشورو کول پاور پلانٹ کو بغیر کسی تاخیر کے ختم کیا جائے اور ماحول و انسانی زندگیاں بچائی جائیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ تھرمل پاور یعنی تیل، گیس اور کوئلہ جیسے فوسل فیولز سے پیدا ہونے والی بجلی سے ماحول اور عوامی صحت پر خطرناک اثرات پڑ سکتے ہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی، زمین کی خرابی اور جانداروں کے نقصان سمیت کے خطرناک بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کو بلا تاخیر پلانٹ کی فنڈنگ بند کرنا چاہیے اور حکومت کوئلے جیسے زہر کو عام کرنے کے بجائے شمسی اور ونڈ انرجی جیسے توانائی کے متبادل منصوبوں پر کام کرے، اسی میں عوام اور ماحولیات کی بھلائی ہے۔
