حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)مرکز اہلسنت ٹرسٹ مرکزی جامع مسجد قادری چوک لطیف آباد نمبر5حیدرآباد کے زیر اہتمام بسلسلہ عید میلادالنبی ﷺ سالانہ 12روزہ پروگرام بنام تجدید عہد وفا و گولڈن جوبلی قانون ختم نبوت ﷺ کی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں علمائے کرام و نعت خواں اپنے منفرد انداز میں اپنی عقیدتوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔گذشتہ روز بھی علامہ مقبول حسین اخترالقادری ، مولانا قاسم رضا قادری ، علامہ عامر حنفی ، مولانا نعمان رضا جامی ، مفتی ذیشان نقشبندی ، مولانا علی رضا مدنی ،استادالعلما نوید رضا قادری ، مولانا عدیل رضا خان ، مفتی زوہیب قادری ، علامہ بلال رضا مدنی ، علامہ حسین عارف قادری ، مولانا غلام حسین سکندری و دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون ختم نبوت ﷺ و ناموس رسالت ﷺ پر مسلمان کبھی کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتا یہ مسلمانوں کے لئے ریڈ زون کی حیثیت رکھتا ہے اور قانون ختم نبوت و ناموس رسالت ﷺ اہلسنت اکابرین و عوام کی قربانیوں کا ثمر ہے منکر ختم نبوت ﷺ پہلے بھی کافر ہی تھا اور قانون کی منظوری کے بعد آئین پاکستان نے بھی اس کو کافر ڈکلیئر کردیا مگر قانون میں ترمیم کے لئے سازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور عاشقان رسول ﷺ ان سازشوں کا پردہ چاک کرتے رہیں گے اور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ اہلسنت کا بچہ بچہ اس کا محافظ ہے اور قانون ختم نبوت ﷺ کی عملداری کا مشن جاری رہے گا۔سکھر سے معروف ثنا خواں عدنان رضا قادری نے خصوصی شرکت کی جبکہ محسن رضا چشتی نے بطور نقیب کے فرائض انجام دیے۔پروگرام کی صدارت مفتی ذیشان حسین نے کی۔اس موقع پر ٹرسٹیز واجد خان ، حامد خان ، محمد عتیق ، ریحان صدیقی ، محمد رضوان ، جبران علی و دیگر نے حیسکو و بلدیاتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں مرکز اہلسنت ٹرسٹ کے تحت مفتی ذیشان قادری ، الحاج گلشن الہی قادری ، حاجی محبوب عالم شیروانی ، پیر غلام احمد رضا سلیمانی اور دیگر کی قیادت میں جلوس میلاد نکالا گیا جو کہ اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا شاہ بھٹائی ہسپتال چوک پر اختتام پذیر ہوا۔
