کولمبو۔ (اسپورٹس ڈیسک ):سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے16رکنی ا سکواڈ کا اعلان کر دیا ، اوشادا فرنینڈوکی 18 ماہ بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نسالا تھراکا اور کسن راجیتھا، جو انگلینڈ کے خلاف 3ٹیسٹ میچوں کے دورے کے دوران سری لنکا کے ا سکواڈ کا بھی حصہ تھے، نیوزی لینڈ کے خلاف 16 رکنی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکے۔اوشادا فرنینڈو نے حال ہی میں جنوبی افریقا اے کے خلاف پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ میں سری لنکا اے کی طرف سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 6وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا ،اسی بنیاد پر ان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کل سے گال میں شروع ہوگا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اعلان کردہ 16 رکنی سری لنکن ٹیم کی قیادت دھننجایا ڈی سلوا کریں گے۔
