اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں احتساب عدالت کو حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں بینچ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں کیس سے بری کرنے اور ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیس زیر التوا ہونے تک ٹرائل کورٹ کو ٹرائل مکمل کرنے سے روکا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کے بعد ٹرائل کورٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ ٹرائل مکمل کر لے لیکن حتمی فیصلہ نہ دے۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی اور بریت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔

