کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی زندگی اور ان کی جدوجہد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ حسن نصر اللہ نے ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف اپنی زندگی وقف کی اور عظیم مقصد کی خاطر جان دی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت قبول فرمائے اور یقین دلایا کہ ان شاء اللہ مزاحمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اقوام متحدہ ایک ناکارہ ادارہ بن چکا ہے جو دراصل عالمی طاقتوں کے مفادات کی حفاظت کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم کے طور پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مسلم ممالک کے حکمرانوں اور افواج کو متنبہ کیا کہ انہیں یہ سوچنا ہوگا کہ وہ اس وقت کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی حالات کی شدت کو دیکھتے ہوئے مسلم ممالک کو اپنی آواز بلند کرنی چاہیے اور ایک مشترکہ موقف اپنانا ہوگا تاکہ مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔


