English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت میں ایک مظلوم مقتولہ کو دیوی بناکر پُوجنے کی تیاری

کولکتہ:بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی ایک جونیر ڈاکٹر کا کیس کسی بھی صورت ٹھنڈا ہونے یا پس منظر میں جانے کا نام نہیں لے رہا۔ ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ اس اِشو کو کسی نہ کسی شکل میں اور کسی نہ کسی حد تک زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔

کولکتہ کے آر جے کار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں ایک جونیر ڈاکٹر کو 9 اگست کی شب ایک پولیس رضاکار نے زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ یہ واقعہ نائٹ شفٹ کے دوران ہوا تھا۔ اس واقعے نے صرف کولکتہ میں نہیں بلکہ ریاست کے دیگر شہروں کے بعد کئی ریاستوں میں بھی ہنگامہ برپا کیا۔

میڈیکل برادری اس واقعے کو بنیاد بناکر مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی حکومت کے خلاف کھڑی ہوگئی یا کھڑی کردی گئی۔ یہ معاملہ اُچھلتے اُچھلتے سپریم کورٹ میں بھی گیا اور سپریم کورٹ کی بھی سمجھ نہ آیا کہ اِسے کس طور ہینڈل کرے۔ ایک طرف تو مغربی بنگال کی حکومت کو سرزنش کی جاتی رہی اور دوسری میڈیکل کمیونٹی کو احتجاج سے باز رہنے کی تلقین کی گئی مگر میڈیکل کمیونٹی اب کٹھ پتلی میں تبدیل ہوچکی ہے۔

نادیدہ قوتیں، جو بہت زیادہ نادیدہ بھی نہیں رہیں، اب تک میڈیکل کمیونٹی کو اُن تمام ریاستوں کے خلاف بھڑکانے میں مصروف ہیں جہاں مرکز کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نہیں۔ اب یہ بات بہت حد تک کھل کر سامنے آچکی ہے کہ بی جے پی ترنمول کانگریس کا ناطقہ بند کرنا چاہتی ہے اور اپوزیشن کی جماعتوں والی ریاستی حکومتوں کو بھی پریشان کرنے کے موڈ میں ہے۔

اب ایک نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے۔ کولکتہ کے آر جے کار میڈیکل کالج کے باغ میں مقتول جونیر ڈاکٹر کا مجسمہ لگایا گیا ہے جس میں اُسے زیادتی کی حالت میں چیختے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس مجسمے کے نصب کیے جانے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔ لوگوں نے اس پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ایک قبیح واردات ہوئی مگر اب ایک مظلوم عورت کا تماشا لگایا جارہا ہے۔ کچھ لوگوں نے تو یہاں تک کہا ہے کہ بعض شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے مقتول جونیر ڈاکٹر کے کیس کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور اِس مظلوم عورت کو دیوی بناکر اِس کی پُوجا کروانا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے