English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف احتجاج : تیسرے روز بھی راستے بند، موبائل سروسز بحال

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کو ملانے والے تمام راستے تیسرے روز بھی بدستور بند ہیں، تاہم موبائل فون سروس کی بحالی شروع ہوچکی ہے۔

تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے جڑواں شہروں کے بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مری روڈ تین دن سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ اس سے ملحقہ گلیوں اور راستوں پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔ ان رکاوٹوں کی وجہ سے شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہوچکی ہے۔

لیاقت باغ راولپنڈی سے فیض آباد تک جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، جبکہ پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور سکیورٹی الرٹ ہے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں تین روز بعد موبائل فون سروس جزوی طور پر بحال ہوگئی ہے، تاہم میٹرو بس سروس تاحال معطل ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے ڈی چوک میں فوج، رینجرز اور پولیس کے تازہ دم دستے تعینات ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے رات بھر آپریشن جاری رکھا تاکہ مظاہرین کو شہر سے باہر نکالا جا سکے، اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے جناح ایونیو کا معائنہ بھی کیا۔

اسلام آباد کی حدود میں ایکسپریس وے اور کشمیر ہائی وے ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، جبکہ مری روڈ اور ایئرپورٹ روڈ بھی ٹریفک کے لیے بحال ہوچکی ہیں۔ تاہم ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہیں۔ موٹروے ایم ون اور ایم ٹو بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

دوسری جانب لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) عمارہ اطہر نے اعلان کیا ہے کہ لاہور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری بآسانی شہر کے اندر اور باہر جا سکتے ہیں، جبکہ ایسٹرن بائی پاس سمیت دیگر راستوں پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے