حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدآبادکے زیر اہتمام یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس سے پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، کنوینر مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی پارٹیاں جو شہری سندھ کی نمائندگی کا دعویٰ کرتی ہیں وہ ناکام ہوچکی ہیں، سندھ حکومت نے نوکری اور تعلیم حاصل کرنے پر کوٹہ سسٹم لگارکھا ہے، ایم کیوایم نے 20ایسے کورس متعارف کرائے ہیں جن پر کوئی کوٹہ نہیں ہے، میرا مخالف بھی انہیں استعمال کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج حیدرآباد اور کراچی میں نوجوانوں پر نوکری کے دروازے بند ہیں، ہم انہیں جدید ٹیکنالوجی کی طرف لارہے ہیں جس سے وہ دنیا بھر میں گھر بیٹھے روزگار کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت کوٹہ سسٹم اپنی بدترین صورت میں ہمارے سروں پر موجود ہے جس کو زمین بوس کرنے کے لیے خود انحصاری کا نسخہ ایم کیوایم نے نوجوانوں تک پہنچایا ہے۔ اب رنگ ونسل کی تفریق سے ہٹ کر ہر لڑکا اور لڑکی گھر بیٹھے ہزاروں ڈالر کماسکتا ہے، ان تمام اقدامات نے ثابت کردیا کہ نوجوانوں کی واحد نمائندہ جماعت صرف ایم کیوایم ہے، آج کا یہ منظر پاکستانیوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے، فریادیں اور گڑگڑانے کے بجائے لوگوں کو نوکریاں دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کا نوجوان اپنی تاریخ کے ساتھ کھڑا ہے، یہ پاکستان کا مستقبل اور قومی اثاثہ ہے، ایم کیوایم ان لوگوں نے بنائی جن کا کوٹہ سسٹم بھی کچھ نہیں بگاڑ سکا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے 30سال میں دنیا تبدیل ہونے والی ہے، ہم اپنے حصے کا کام کرچکے اب نوجوانوں نے آگے بڑھنا ہے۔ آنے والی تاریخ میں پوری دنیا میں ایک ارب سے زیادہ لوگ غیر متعلقہ ہوجائیں گے، ہماری بیٹیاں آنے والی قیادت کا اثاثہ ثابت ہوں گی یہ انجینئر اور ڈاکٹر بنیں تو انہیں گھر پر نہ بیٹھایا جائے، بنگلادیش میں خواتین نے اپنی قوم کی تقدیر بدل کررکھ دی۔ آج کا نوجوان اپنی شناخت، تاریخ اور پس منظر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے ا س سے پہلے سمت کا تعین پیدا نہیں کیاگیا جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، انہوں نے کہاکہ آج نوجوانوں کوجمع کرنا سیاسی نہیں بلکہ قومی ضرورت کے تناظر میں ہے، انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے لوگوں کو نئی یونیورسٹی مبارک ہو، نوجوانوں تمہیں تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہونا ہے اور بدلتی ہوئی دنیا کا مقابلہ کرناہے، آج کی رات ملک میں انقلاب کی راہ ہموار کرتی ہے۔ ہم بلدیاتی اختیارات مانگ رہے تھے تم نے نہیں دیے جس کومد نظر رکھ کر ایم کیوایم مقتدرا کے اس خیال کی حمایت کرتی ہے کہ ملک میں نئے انتظامی صوبے بننے چاہئیں۔ ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہمارا ملک بار بار آئی ایم ایف سے قرض لینے کا محتاج ہوتا ہے، ہم نوجوانوں کو اس قدر خودمختار بنائیں گے کہ اس ملک کو قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
