کراچی: ایئربلیو کی جدہ سے کراچی آنے والی پرواز کو ماڈل کالونی کے قریب لینڈنگ کے دوران ایک پرندے سے ٹکراؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرندہ طیارے کی ونڈ اسکرین سے ٹکرا گیا۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ نے مہارت سے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر بغیر کسی مزید مسئلے کے بحفاظت اتار لیا ہے ۔
پرواز پی اے 171، جو سعودی عرب کے شہر جدہ سے کراچی آرہی ہے تو یہ واقعہ لینڈنگ سے پہلے پیش آیا ہے ۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی مسافر یا عملے کا رکن زخمی نہیں ہوا اور طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا گیا۔
طیارے کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے مزید معائنے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ رواں برس کے پہلے 6 ماہ میں 38 پی آئی اے طیارے پرندوں سے ٹکرا گئے ہیں :
رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 38 طیارے پرندوں سے ٹکرانے کے واقعات کا شکار ہوئے، جو ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے دوران پیش آئے۔
ذرائع کے مطابق، پرندوں سے ٹکرانے کے واقعات لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، گلگت، سکھر، جدہ اور دبئی کے ایئرپورٹس پر پیش آئے۔ متاثرہ طیاروں میں 31 ایئربس A320 اور 3 بوئنگ 777 شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان میں سے پانچ طیاروں کو نقصان پہنچا، جب کہ 35 بغیر کسی نقصان کے بچ گئے۔
سب سے زیادہ پرندوں سے ٹکرانے کے واقعات لاہور ایئرپورٹ پر پیش آئے، جہاں 14 واقعات رپورٹ ہوئے، اس کے بعد اسلام آباد میں 7، ملتان میں 4، سکھر میں 1، فیصل آباد میں 1، گلگت میں 1، جدہ میں 1 اور دبئی میں 1 واقعہ رپورٹ ہوا۔ زیادہ تر پرندے ٹیک آف، لینڈنگ اور اپروچ کے دوران طیاروں سے ٹکرائے ہیں ۔
ذرائع نے الزام عائد کیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کی انتظامی غفلت کی وجہ سے ملک کے ایئرپورٹس پر پرندوں کی موجودگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ CAA نے ایئرپورٹس پر جدید آلات نصب کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے جو پرندوں کو رن وے سے دور رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
پرندوں سے ٹکراؤ، جو کہ ہوائی جہازوں اور پرندوں کے درمیان تصادم ہوتا ہے، ہوابازی کے حفاظتی خدشات میں سے ایک اہم مسئلہ ہے۔ یہ واقعات عموماً پرواز کے اہم مراحل جیسے ٹیک آف، لینڈنگ اور اپروچ کے دوران پیش آتے ہیں، جہاں طیارہ زمین کے قریب ہوتا ہے اور پرندوں سے ٹکرانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
پرندے سے ٹکرانے کا اثر معمولی نقصان سے لے کر شدید نتائج تک ہو سکتا ہے، جیسے انجن فیل ہونا یا ڈھانچے کو نقصان پہنچنا، جس سے مسافروں اور عملے کی جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
حالیہ برسوں میں، پرندوں سے ٹکراؤ کے واقعات میں اضافے کے باعث دنیا بھر میں ہوابازی کے حکام نے ایئرپورٹس پر حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے، جن میں پرندوں کو دور رکھنے کے نظام اور ان کے مسکنوں کے انتظام شامل ہیں۔

