کراچی: لیاری کے علاقے لی مارکیٹ کے قریب زینب آرکیڈ میں ایک فلیٹ سے چار خواتین کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں الگ الگ کمروں میں بے دردی سے قتل کیا گیا۔ پولیس نے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
زرائع کے مطابق بانٹوا گلی میں واقع فلیٹ کی ساتویں منزل سے چار خواتین کی لاشیں ملیں، جنہیں نہایت سفاکی سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 13 سالہ علینا، 18 سالہ مدیحہ، 19 سالہ عائشہ اور 51 سالہ شہناز شامل ہیں۔ ان خواتین کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ انہیں قتل سے قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق قتل کے وقت گھر میں صرف یہ چار خواتین موجود تھیں اور قاتل آلہ قتل سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں شروع کررہی ہے تاکہ قاتل تک پہنچا جا سکے۔
قتل ہونے والی علینا کے نانا، محمد فاروق، نے بتایا کہ مرنے والی خواتین میں ان کی بیوی، بیٹی، نواسی اور بہو شامل ہیں۔ واردات کے وقت گھر میں صرف خواتین موجود تھیں جبکہ وہ خود اور ان کے دونوں بیٹے گھر پر نہیں تھے۔ جب واپس پہنچے تو دروازہ کھٹکھٹانے پر کوئی جواب نہ آیا، جس کے بعد ان کے بیٹے نے موجود چابی سے دروازہ کھولا تو انہیں یہ اندوہناک منظر دیکھنے کو ملا جس پر وہ پھوٹ پھوٹ پر رونے لگے ۔
محمد فاروق کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور انہیں کسی پر شک بھی نہیں ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

