English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہومیو پیتھک یونین کا یو اے ایچ ایکٹ 1965میں ترامیم کیخلاف احتجاج

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ ہومیو پیتھک یونین حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر آصف اشرف خان، نائب صدر ڈاکٹر محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جمعہ خان زئی، ڈاکٹر ثاقب اشرف اور ڈاکٹر اسلم خان کی قیادت میں یو اے ایچ ایکٹ 1965 میں ترمیم کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کیا گیا جس میں ہومیو پیتھک شعبہ سے وابستہ مرد و خواتین ڈاکٹرز نے شرکت کی، مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر ایکٹ 1965 میں ترمیم کے خلاف نعرے درج تھے۔ صدر ڈاکٹر آصف اشرف خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ترمیمی ایکٹ کا مسودہ منظر عام پر آنے کے بعد سے ہومیو پیتھک شعبے سے وابستہ لاکھوں مرد و خواتین میں مایوسی اور بے چینی پھیل گئی ہے، حکومت ہو میو پیتھک شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات اُٹھائے، آئین پاکستان کے یو اے ایچ ایکٹ 1965 کے تحت تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اسے مجروح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 2 لاکھ ہو میو پیتھک ڈاکٹرز اپنی مدد آپ اپنے ذاتی کلینکس کے ذریعے 40 فیصد آبادی کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جن کی سرکاری سطح پر کوئی سرپرستی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 140 میڈیکل کالجز پرائیویٹ سیکٹر میں مسائل کے باوجود تعلیمی خدمات بڑی کامیابی سے سر انجام دے رہے ہیں جنہیں نیشنل کونسل فار ہومیو پیتھی ریگولیٹ کرتی ہے۔ نائب صدر محمد یوسف نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے نام پر ہو میو پیتھک مخالف قوتوں نے حکومت کو مس گائیڈ اور حقائق کو تروڑ مروڑ کر پیش کیا، تعصب کی انتہا ہے کہ ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اپنے نام کے ساتھ لفظ ڈاکٹر بھی نہیں لکھ سکتے، جیسی تجویز شامل کی گئی ہے۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جمعہ خان زئی نے کہاکہ ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کے ساتھ اس طرح کی زیادتیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس کالے قانون کے خلاف ہمیں متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے مظاہرین پرزور دیا کہ وہ اپنے اندر اتحاد برقرار رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے