کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہباز شریف حکومت نے ابتدائی 6ماہ میں قرضوں کے معاملے میں نگراں حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے 6 ماہ میں نگراں حکومت کی جانب سے لیے گئے قرض کے مقابلے میں 561 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔نگراں حکومت کے مقابلے میں موجودہ دور حکومت میں قرضوں کی رقم میں 561 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق مارچ سے اگست 2024ء کے دوران وفاقی حکومت کا قرضہ 5ہزار552ارب روپے بڑھا جس کے بعد اگست 2024ء تک وفاقی حکومت کا قرضہ 70ہزار 362 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔اس سے قبل ستمبر 2023ء سے فروری2024ء کے دوران نگران دور حکومت کے 6 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضے میں 840 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔اس طرح فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا جس میں اگلے 6ماہ کے عرصے میں کئی سو گنا اضافہ دیکھا گیا۔اس سے قبل اگست 2023 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 63 ہزار 970ارب روپے تھا۔
