اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے آئندہ 7 سال کے جنریشن ٹیرف کی منظوری دے دی۔بجلی استعمال ہو نہ ہو کپیسٹی پیمنٹ کرنا پڑے گی، نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔کے الیکٹر ک کے جنریشن ٹیرف ڈیزل پر 44 روپے 33 پیسے سے 50 روپے 75 پیسے فی یونٹ تک منظوری دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایل این جی پر جنریشن ٹیرف20 روپے67 پیسے سے 41 روپے75 پیسے فی یونٹ تک منظور کیا گیا۔فرنس آئل پرجنریشن ٹیرف 33 روپے 31 پیسے سے 34روپے 64 پیسے فی یونٹ تک مقرر کیا گیا ہے جبکہ گیس پر فی یونٹ جنریشن ٹیرف6 روپے 83 پیسے سے9 روپے 62 پیسے تک مقرر کیا گیا ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے ادارہ اپنا جامع سرمایہ کاری پلان کو حاصل کرنے میں مثبت کردار ادا کرے گا، یہ منصوبہ کمپنی کی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے، اس کے کسٹمر بیس میں اضافے اور پاور یوٹیلیٹی کے بنیادی ڈھانچے کو موجودہ مطالبات اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مشتمل ہے۔کے الیکٹرک کے مطابق ادارہ نیپرا کی طرف سے جاری کردہ مکمل اور وسیع فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے،کمپنی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ سرگرم عمل ہے کہ یہ تبدیلیاں ایک مستحکم، پائیدار توانائی کے ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے وژن کے مطابق ہوں۔دریں اثنا200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اکتوبر کے بلوں میں نیا ٹیرف لاگو کر دیا گیا،بجلی کے بلوں پر غریب صارفین کو ملنے والا 3 ماہ کا ریلیف ختم کردیاگیا ۔اکتوبر کے مہینے کے بل نئے ریٹ کے مطابق آئیں گے، متاثرہ صارفین کو ایک سے 50 یونٹ تک 9 روپے 93 پیسے فی یونٹ چارج ہوگا،51 سے 100 یونٹ تک 13 روپے 64 پیسے فی یونٹ چارج کیا جائے گا، 101 سے 200 یونٹ تک 29 روپے21 پیسے فی یونٹ چارج ہوگا۔ بجلی بلوں پر جرمانے کی پالیسی بھی تبدیل کردی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں پر عاید ہونے والے جرمانے کی پالیسی کو تبدیل کردیا گیا۔ مقررہ تاریخ کے 3 دن بعد ادائیگی پر5 فیصد جبکہ زیادہ روز گزرنے پر10 فیصد سر چارج لگایا جائے گا۔ اس سے پیشتر 10 فیصد ایل پی ایس چارج کیا جاتا تھا۔نیپرا کی جانب سے مقررہ تاریخ کے بعد جمع کرائے جانے والے بجلی کے بلوں پر عاید سرچارجز کو سلیبز میں تبدیل کیا گیا ہے۔
