بھارت کی ریاست اڑیسہ اور مغربی بنگال میں سمندری طوفان ڈانا سے خبردار کرتے ہوئے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ ساحلی علاقوں میں بسے ہوئے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں کیونکہ طوفان کا زور زیادہ ہے، ٹکرانے کی صورت میں زیادہ تباہی پھیل سکتی ہے۔
سمندری طوفان ڈانا آج رات کسی بھی وقت اڑیسہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں سے ٹکراسکتا ہے۔ متعلقہ اداروں نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نپٹنے کے لیے تیارے الرٹ ہیں۔ لوگوں کو اپنی سلامتی یقینی بنانے سے متعلق تمام ہدایات کردی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے اہلکار اور افسران کام میں مصروف ہیں۔
ساحلوں پر مچھیروں کی بستیاں خالی کرالی گئی ہیں۔ صرف اُڑیسہ میں تین لاکھ سے زائد افراد کو خطرناک علاقوں سے نکال کر عارضی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ انہیں تین چار دن کے لیے اشیائے خور و نوش اور پانی بھی فراہم کردیا گیا ہے۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں آج رات کی بہت سی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ مغربی بنگال میں بھی لاکھوں افراد کو خطرات لاحق ہیں تاہم اڑیسہ میں تو ریاست کی کم و بیش نصف آبادی سمندری طوفان سے متاثر ہوسکتی ہے۔ ریاست کے بیشتر ساحلی علاقوں میں خطرناک صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔
اڑیسہ کے حکام نے بتایا ہے کہ ساحلی علاقوں سے کم و بیش 10 لاکھ افراد کو نکالنا ہے۔ اس حوالے سے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عارضی کیمپ بڑھائے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وقت گزرنے کے ساتھ طوفان کی شدت بڑھ رہی ہے اور ہواؤں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے سمندری طوفان ڈانا اڑیسہ کے ساحلوں سے 290 اور مغربی بنگال کے ساحلوں سے 350 کلومیٹر دور تھا۔ اڑیسہ میں سمندری طوفان دھامرا کی بندر گاہ سے ٹکراسکتا ہے۔
اڑیسہ کے وزیرِاعلیٰ موہن چرن ماجھی کا کہنا ہے کہ جن اضلاع کو زیادہ خطرات لاحق ہیں وہاں سے 10 لاکھ افراد کو نکالنے کی بھرپور تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ تین لاکھ سے زائد افراد نکالے جاچکے ہیں۔ طوفان کی قوت دیکھتے ہوئے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت امداد بھی یقینی بنائی جاسکے۔

