English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو:11 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مکمل

لاہور:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام آئیڈیل پارک  ٹاؤن شپ لاہور میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کاانعقاد کیا گیا۔ رواں برس  میگا پلانٹیشن کی اختتامی تقریب  میں 5 ہزار پودے لگائے گئے۔

تقریب میں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور  ڈاکٹرمشتاق مانگٹ ، سید احسان اللہ وقاص، جماعت اسلامی لاہور کے امیر  ضیا الدین انصاری، الخدمت لاہور کے صدر انجینئر احمد حماد رشید  اور دیگر مہمانان کے ساتھ مختلف یونیورسٹیزاورکالجزکے طلبہ وطالبات اور رضاکاروں نے بڑی تعداد   میں شرکت کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے  اِس موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے موسمی حالات اور حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور قوانین پرعملدرآمدنہ ہونے کی وجہ سے آلودگی اور اسموگ میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔ بڑے شہر گیس چیمبر بن گئے ہیں۔ آکسیجن کی کمی اور آلودگی کے باعث شہریوں کوسانس لینے میں تکلیف  کے ساتھ ساتھ دیگر امراض کا سامنا ہے  اوران مسائل کے باعث  ہمارے اسپتالوں   پرلوڈ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے صرف ایک سال میں10 لاکھ کا ہدف عبور کرکے 11 لاکھ درخت لگاناقابل تحسین اقدام ہے اور  اس مہم میں ہرپاکستانی کوحصہ بننا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اگرمؤثراقدامات نہ کیے گئے توآنے والے چندسالوں کے دوران مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ عالمی معیارکے مطابق جنگلات کاتناسب  25فیصدہوناچاہیے لیکن پاکستان میں اس وقت 5فیصدسے بھی کم جنگلات اور سبزہ ہے۔پاکستان کو ماحولیاتی استحکام کے لیے جنگلات اور درختوں کے تناسب کو کم از کم 10 فی صد تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کلائمیٹ چینج کی وجہ سے د نیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔گزشتہ 2دہائیوں میں پاکستان نے اسی وجہ سے10 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان اٹھایا ہے اور ہر سال سیلاب، خشک سالی، اور گلیشیئرز پگھلنے جیسے موسمی اثرات کا سامنا ہے۔ زیادہ درجہ حرارت، غیر متوقع بارشیں، سیلاب، اور پانی کی قلت نے زراعت، خوراک کی سکیورٹی، اور عام زندگی کو متاثر کیا ہے۔اس مسائل  میں ایک واضح کمی زیادہ درخت لگاکرکی جاسکتاہے۔

ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کاسدباب،اسموگ اور آلودگی کا خاتمہ اورلاہورسمیت پاکستان بھرکے شہروں کوخوبصورت بنانا  الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے اہم  مقاصد  میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہورباغوں کاشہرتھا بدقسمتی سے اب لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک گیر شجرکاری مہم جاری ہے  جس میں توتارجن،املتاس،دھریک، ولو،جنگلی اخروٹ،نیم،ٹالی، انار،شریں، بھینسیا گلاب،دیسی گلاب،ٹکومیا،رات کی رانی ،کنیر،جٹروفا،ہیبس کس ،ڈرائی سینیا،یوفوبیا،لال جھاڑی،تبوبیا،فیکس،بوگن بیل،انار،ٹرمینیریا،کاٹن ٹری جیسے پودے شامل ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ کا کہنا تھا کہ الخدمت ایک کروڑ درخت لگانے کاپلان رکھتی ہے ۔ پودوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظرالخدمت  7ایکڑ رقبے پرنرسری بھی قائم کررہی ہے جہا ں آئندہ بر س کے لیے 10لاکھ پودے تیار کیے جائیں گے اورپودوں کی تیاری کے لیے ملک بھر میں نرسریاں  بھی قائم کی جائیں گی۔اس مہم کامقصدپودے لگانااورماحولیاتی استحکام میں رضاکاروں اور عوام کو شامل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت نے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک مکمل نظام وضح کیا ہے جس میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں مقرر کی جاتی ہیں جوپودوں کو پانی دینے، حفاظتی شیڈ لگانے، اور ان کی نشوونما کو یقینی بناتی ہیں تاکہ پودے ضائع نہ ہوں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے شجرکاری مہم میں یوتھ کلب اورتعلیمی اداروں کو شامل کر کے نوجوانوں کو متحرک کیا ہے۔ اس مہم میں نوجوانوں کی ٹریننگ اوراہمیت کی آگاہی کے بعدمہم کاحصہ بنایاجاتاہے۔

ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنی سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر معروف اداروں اور ماحولیاتی تنظیموں سے شیئر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مہم کی رپورٹنگ اور نتائج کو عالمی ماحولیاتی فورمز پر بھی پیش کیا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی ماحولیاتی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے