ماسکو: روس نے کہا ہے کہ اس وقت فلسطینیوں کے ساتھ تاریخ کی بدترین ناانصافی برتی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قازان میں برکس سربراہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ تاریخی بدترین ناانصافی برتی جا رہی ہے اور وقت آ گیا ہے کہ اسے درست کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خطے (مشرق وسطیٰ) میں اس وقت تک قیام امن کی کوششیں رائیگاں جائیں گی جب تک فلسطینیوں کے ساتھ دہائیوں سے جاری ناانصافی کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ صہیونی ریاست اسرائیل کا نام لیے بغیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ایسی طاقتوں کی جانب سے عالمی نظام کو روندا جا رہا ہے، جو ہر چیز پر قبضہ کرنے کی منطق کے تحت سوچتے اور عمل کرتے ہیں۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ میں 40 ہزار سے زیادہ انسانوں کو مارا جا چکا ہے۔ دوسری جانب ایران اور اسرائیل کی کشیدگی بھی جاری ہے اور جنگ بڑھتے بڑھتے اب لبنان تک وسیع ہو چکی ہے۔ غزہ ایران اور لبنان میں جنگ جیسے حالات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پورا خطہ (مشرق وسطیٰ) جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

