
کنری(جسارت نیوز)خفیہ اطلاع پر سی آئی اے پولیس کی کارروائی،اسمگل کیے جانیوالے نایاب قسم کے پانچ ہرن بازیاب کرکے دو اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس انچارج خلیل کنمبھار نے خفیہ اطلاع پر ماکیارو اسٹاف کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نیو چھور سے خرید کرکے بذریعہ کار اسمگل کیے جانے والے نایاب نسل کے پانچ ہرن برآمد کر لیے،سی آئی اے پولیس نے ہرن اسمگل کرنے والے گروہ کے دو اسمگلرز محمد اکرم قریشی اور علی حیدر راجپوت کو گرفتار کر لیا،سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان سانگھڑ ضلع کے رہائشی ہیں جو تھر اور نیو چھور سے ہرن خرید کر مختلف شہروں میں اسمگل کرتے ہیں،گشت کے دوران کرولا کار نمبر BPE 184 کو روکا تو اس سے اسمگل کیے جانے والے 5 ہرن برآمد ہوئے،سی آئی اے پولیس نے مذکورہ کار کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے،سی آئی اے پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد ہرن وائلڈ لائف عمرکوٹ کے حوالے کر دیے۔بعد ازاں عدالتی حکم پر ہرنوں کو آزاد کرکے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔اس موقع پر انچارج سی آئی اے خلیل کنمبھار نے میڈیا والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرن ہمارے وطن کی حسن ہیں اس کی نسل کو بچانا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی افراد ہرن پکڑنے اور خرید وفروخت کرنے والے دلالوں کو گرفتار کروا کر ہرن کی نسل کو بچائیں۔
