کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) 4 دن قبل گڈو تھانے کی حدود دیرا موڑ کے مقام سے اپنی مل کے آفس سے اغوا ہونے والے راجیش کمار (راجا) کی بازیابی کے لیے چوتھے روز بھی احتجاج کر کے ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ہندو برادری سمیت مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ چودھری نریش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمور میں بے امنی اتنی بڑھ گئی ہے کہ اگر رات میں کوئی ایمرجنسی ہو جائے تو ہم ڈاکوئوں کے ڈر سے باہر علاج کے لیے نہیں جا سکتے، حالات سے تنگ ہوکر لوگوں نے آہستہ آہستہ اپنا کاروبار دوسرے شہروں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے، حالات اگر ایسے رہے تو لوگ ہجرت کر جائیں گے، ہمیں تو ایسا لگتا ہے کشمور کے حالات خراب کرنے میں خفیہ ہاتھ ملوث ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس صرف دلاسا دے رہی ہے، پولیس نے اب تک ایسا کچھ نہیں کیا جس سے ہم مطمئن ہوں، پولیس کی کوئی بڑی کارروائی نظر نہیں آ رہی جس سے پتا لگے کہ ہمارا مغوی بازیاب ہو جائے گا۔ آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی کشمور سے مطالبہ کرتے ہیں کہ راجیش کمار سمیت دشتی برادری کھوسہ نوجوان اور سب مغویوں کو بازیاب کرایا جائے تاکہ ہمارے گھروں میں خوشی لوٹ آئے۔
