
قنبرعلی خان (جسارت نیوز ) آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ محمد کلیم ملک کی سربراہی میں قنبر ضلعی پولیس نے سماج دشمن عناصروں کیخلاف کریک ڈاؤن آپریشن کرکے گزشتہ تین ماہ کے دوران سندھ وبلوچستان کے ایک خطرناک ڈاکو کو ہلاک کرنے سمیت مجموعی طور پر 876 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری منشیات، اسلحہ اور مسروقہ گاڑیاں برآمد کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ محمد کلیم ملک نے یکم اگست تا نومبر 2024ء تک گزشتہ تین ماہ کی پولیس کارکردگی کی رپورٹ کے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں جس کے تحت ضلع قنبر شہدادکوٹ پولیس نے ضلع بھر کی مختلف تحصیلوں میں 37 پولیس مقابلوں کے دوران سندھ وبلوچستان کے ایک خطرناک ڈاکو مرید حملانی چانڈیو کو موقع پر ہلاک جبکہ 10 خطرناک زخمی ڈاکوؤں سمیت 31 عادی ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی کے مطابق ضلع بھر کے مختلف سیکٹرز میں بیک وقت بھرپور آپریشن کے دوران بین الصوبائی کاروں اور موٹرسائیکل لفٹر گینگ سمیت شاہراؤں پر مسلح ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 16 مختلف خطرناک ملزمان کی گینگز کا عملی خاتمہ عمل میں لایا گیا ہے جبکہ پولیس آپریشن کے دوران 228 اشتہاری ملزمان جبکہ 513 خطرناک عدالتی مفروران روپوش ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا تمام گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد کلاشنکوف 36 عدد پسٹل، 2 عدد رپیٹر اور 2 عدد بندوق سمیت بھاری مقدار میں میگزین، گولیاں اور کارتوس سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے ایس ایس پی کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے 66 منشیات فروشوں کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 44 کلو 505 گرام چرس، 71 گرام ہیروئن، 32 کلو گرام بھنگ، 20 لیٹر شراب، 1456 کلو 134 گرام مضر صحت گٹکا اور 56 گرام آئس نشہ برآمد کیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق کار اور موٹرسائیکل اسنیچنگ جیسے جرائم کی مکمل روکتھام کو یقینی بناکر 5 کار، 47 موٹرسائیکل، 33 قیمتی موبائل فونز اور 2امپورٹیڈ گھڑیاں جدید سائنسی طریقے سے ملزمان سے برآمد کرکے تمام برآمد شدہ گاڑیوں اور سامان کو اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق منشیات ایکٹ کے تحت 54 اور غیر قانونی اسلحہ ایکٹ کے تحت 38 مقدمات متعلقہ پولیس تھانوں میں رجسٹرڈ کیے گئے۔
