اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے وزارت داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسندی کرنے والے طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ زیرغور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے کہاکہ 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی، احتجا ج کے نام پر شرپسندی کرنے والے افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر فورسز کی تعداد بڑھادی گئی ہے، سرکاری اور اہم عمارتوں کے اطراف بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے پاسپورٹ ، شناختی کارڈ اور موبائل فون کی سمیں منسوخ کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہاہے، بہت جلد فیصلہ ہونے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو 24 نومبر کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے بھرپور احتجاج کرنے کا حکم دیا ہے۔

