
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد سیکورٹی الرٹ کر دی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے سفارت خانے کے قریبی سڑک کو بند کر دیا۔ اس موقع پر گیٹ وک ائر پورٹ پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ ساؤتھ ٹرمینل کا بڑا حصہ خالی کروا لیا گیا۔ائر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں بڑی تعداد میں پولیس اور سیکورٹی ٹیموں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل ٹیم نے مشکو ک پیکٹ کو دھماکا کرکے چیک کیا اور اسے تحویل میں لے کر علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔ لندن میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں پیکٹ کو ایک دھوکا قرار دیا،جب کہ پیکٹ سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمارت میں معمول کے کام بحال کردیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد دن بھر کے معمولات روک کر تمام ملاقاتیں منسوخ کردی گئی تھیں۔ حکام نے واقعے پر شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے تعاون اور صبر کا مظاہرہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال کے پیش نظر جائے وقوع پر خصوصی ٹیم تعینات رہے گی۔
