English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اللہ سے رحمت کی امید انسان کو مایوسی سے بچاتی ہے ،پروفیسر مجیب اللہ

القمر

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی زون وسطی حیدرآباد کے زیر اہتمام علما ء و مشائخ کا خصوصی اجلاس، ممتاز اسلامی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر مولانا مجیب اللہ منصوری کی زیر صدارت مقامی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروفیسر حافظ محمد افضل، مولانا علی اکبر احمدانی، مولانا حافظ محمد اصغر اور ناظم زون وسطی اصغر علی خان یوسف زئی کے علاوہ علماء و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مولانا مجیب اللہ منصوری نے کہا کہ اللہ کی رحمت کی امید انسان کو مایوسی اور نا امیدی سے بچاتی ہے اور خدا کا خوف انسان کو اللہ کی نافرمانی سے بچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی حفاظت کے لیے اللہ کی رحمت کی امید اور اس کے شدید محبت کے نتیجے میں اللہ کی کامل اطاعت اور عبادت نیز خدا کے غضب کے خوف کے نتیجے میں اللہ کی نافرمانیوں اور حرام کاموں سے بچانا لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک شخص کو اپنے رب سے مضبوط تعلق اور اپنی اصلاح آپ اور اصلاح کے لیے اپنے حصے کا کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اوریہ ایک حقیقت ہے کہ ایمان قیمتی متا ع ہے لہذا اس موجودہ پُر فتن دور میں مساجد منبر و محراب اور اُن سے منسلک علماء آئمہ مشائخ کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ امت کی صحیح رہنمائی کریں اور انہیں اتفاق و اتحاد کی اہمیت سے آگاہ کریں۔انہوںنے کہا کہ اللہ کریم ہمیں اپنے ایمان کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔اجلاس سے پروفیسر حافظ محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیطان پہلے بھی مصروف عمل تھا اور آج بھی مصروف عمل ہے لیکن ہم کیا کر رہے ہیں؟ضرورت اس امرکی ہے کہ اپنے ایمان کی حفاظت اور اللہ سے مضبوط تعلق کے لیے قران کریم کی طرف رجوع کریں اور صاحب قران کی بہترین پاکیزہ ترین، کامل ترین زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگیوں کی تعمیر اور اصلاح کر یں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کریم ہمیں بصیرت اور فراست عطا فرمائے اور جذبہ جہاد و شوق شہادت کے ساتھ اقامت دین کے فریضے کی ادائیگی کے لیے قبول فرمائے،دعائوں کی کثرت اللہ کو محبوب ہے۔انہوںنے کہا کہ علماء و مشائخ اپنے کردار سے امت کو یکجا کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے