حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بھائی خان ویلفیئر کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد اقبال قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد بلا تفریق دُکھی انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویلفیئر کے مرکزی آفس میں بھائی خان ویلفیئر ونٹر پروگرام کے تحت مستحقین میں رضائیاں، لحاف، کمبل اور گرم کپڑوں کی سالانہ تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین میں گرم کپڑے، کمبل، رضائیاں تقسیم کرنے کے سلسلے میں تمام عہدیداران اس کارِ خیر میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور مخیر حضرات سے رابطے میں رہیں۔ سرپرست حاجی اشرف عباسی نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دی جائے جو براہِ راست اس کام کی مانیٹرنگ کرے تاکہ حقیقی مستحقین ہی اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ویلفیئر کے بانی و جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین آرائیں نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے سال 150 سے زائد افراد میں کمبل، رضائی اور چیئرمین حاجی محمد اسماعیل شیخ کے تعاون سے گرم کپڑوں کے 40 کاٹون ملے جس میں بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے شامل تھے جو مستحقین میں تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور این جی اوز سے رابطے میں ہیں تاکہ اس سے مزید زیادہ مستحقین کی مدد کی جا سکے۔
