فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ ،جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھارایڈووکیٹ نے کرم ایجنسی خیبرپختونخوا میں امن ومان کی مسلسل بگڑتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ صرف شیعہ سُنی کا نہیں بلکہ اس دہشت گردی کا اصل ہدف امن و امان کو تہہ و بالا کرنا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانا ہے۔ کُرم ضلع کے مسئلہ پر وفاقی، صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے گرینڈ جرگہ کا اہتمام کریں۔ فوجی آپریشن مسائل کاحل نہیں ہے بلکہ زخموں پر نمک پاشی اور عوام کو بغاوت کے راستہ پر دھکیلنے کا خوفناک عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا، پاکستان کے ایران، افغانستان، چین، سعودی عرب سے تعلقات کو کشیدگی اور شکوک و شبہات کا شکار کرنا عالمی استعماری قوتوں کے گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ ایسی صورتِ حال میں قومی سیاسی جمہوری قیادت اور ریاست مقتدر اداروں کو حالات کا صحیح ادراک کرتے ہوئے قومی سلامتی کے تحفظ اور پاکستان کے استحکام پر مبنی فوری اقدامات کرنا ہونگے،غلط سمت میں کیے گئے اقدامات طویل مدت کے لیے بحران در بحران پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔ عالمی استعماری قوتوں کی نئی صف بندی میں دہشت گردی کا پھیلاؤ، دہشت گردی کے لیے موجود افراد کی سرپرستی کا شرمناک سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی بحرانوں کا حل تلاش کیا جائے گا تو سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔ وفاقی حکومت بیرونی دوروں، بیرونی شخصیات کی پاکستان آمد اور سرمایہ کاری کے بلند بانگ اعلانات میں مگن ہے لیکن ملک کے اندرونی حالات نارمل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی، احتجاج سیاسی جمہوری آئینی حق ہے لیکن بحرانوں کے گرداب سے ملک و مِلت کو نکالنے کے لیے قومی سیاسی قیادت کو قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا۔
