English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الخدمت فاؤنڈیشن:ایک کروڑ پودے لگانے کیلیے 60 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کروالی

راولپنڈی: چیئرمین والنٹیئر مینجمنٹ و مرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا ہے کہ 60 ہزار نوجوان خود کو بطور رضاکار الخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ کر واچکے ہیں اور یہ نوجوان مسلسل ہمارے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے پر منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے باعث نوجوان مایوس ہیں، لیکن ہم نے الخدمت کے پلیٹ فارم کو ان کے لیے امید کا ذریعہ بنایا ہے۔ مینجمنٹ سسٹم پورٹل کے ذریعے نوجوانوں کی رجسٹریشن کے بعد انہیں اسکل ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کیے اوران کے لیے بے شمار کورسز کا اہتمام کیا گیا تاکہ نوجوان اپنی زندگی کو بہتر بنا سکیں اور اپنی خواہشات کے مطابق باعزت زندگی گزار سکیں۔

گزشتہ برس مئی میں ہم نے سرسبز پاکستان کے مشن کا آغا ز کیا اوراب تک12لاکھ سے زائدپود ے لگاچکے، 20لاکھ جلد مکمل ہوں گے اور ہماراٹارگٹ ایک کروڑ پودے لگانا ہے۔ یہ سب ان نوجوان رضاکاروں کے ذریعے ممکن ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے والنٹیئر مینجمنٹ پروگرام کے تحت ہم نے مختلف طبقات کے لیے کلب قائم کیے جن کا مقصدمحروم طبقات کوقومی دھارے کا حصہ بنانا ہے۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم، ریجنل صدر الخدمت رضوان احمد، سینئر نائب صدر سید امجد حسین شاہ، صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک، والنٹیئر مینجمنٹ ہیڈ محمد صنّان اکبر کے علاوہ مختلف یونیورسٹیزو کالجز کے پروفیسرز، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کا بنوقابل پروگرام کروڑوں نوجوانوں کواپنے اندرسمونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پورے پاکستان میں یوتھ ایونٹس منعقد کرنے کامقصد خدمت خلق کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے انہیں پاکستان کاسرمایہ بناناہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن مختلف تعلیمی اداروں میں موجود طلبہ وطالبات کے لیے بھی خدمت کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے،اب تک  100سے زائد یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن کرچکے ہیں ان یونیورسٹیز کے طلبہ وطالبات کوانسانیت کی خدمت اور اپنی صلاحیتوں کونکھارنے کے بے شمارمواقع میسرآئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے