راولپنڈی:عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پھر ہم اوورسیز پاکستانیوں کو کال دیں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ تقریباً ڈھائی سال سے ملک میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، 9 مئی جنہوں نے کروایا، انہوں نے ہی سی سی ٹی وی فوٹیجز چوری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ لوگوں نے ووٹ ڈالے، انہوں نے چوری کرلیے۔ جب لوگ بھیڑ بکریاں بننے سے انکار کریں گے تو ظلم کا نظام تب ختم ہوگا۔جناح ایونیو ڈی چوک پر جو آپریشن ہوا اس میں 150 لوگ لاپتا ہیں، پہلے آپ نے جمہوریت کو ختم کیا جب کہ جمہوریت قومی اسمبلی، عدلیہ اور میڈیا پر کھڑی ہے۔ ان تینوں چیزوں کو زمیں بوس کردیا گیا ہے۔ اس نظام میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور نہ ہی تحفظ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 2 مطالبات سامنے رکھے ہیں، ایک یہ کہ عدالت عظمیٰ کے ججز کے ماتحت جے آئی ٹی بنائی جائے، جے آئی ٹی 9 مئی اور 26 نومبر سانحات کی تحقیقات کرے، تمام لوگوں کو رہا کیا جائے اور اگر مطالبات تسلیم نہیں ہوتے عمران خان نے کہا کہ وہ سول نافرمانی کا آغاز کردیں گے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اربوں ڈالر دیتے ہیں، جب وہ آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر جمعہ کے روز تک ہمارے مطالبات نہ مانے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کال چلی جائے گی کہ وہ پاکستان پیسہ نہ بھیجیں، مشکلات ہوں گی تو حکومت نہیں چل سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کے لیے اسٹیبلشمنٹ آفر دیتی ہے تو مذاکراتی کمیٹی ان سے مذاکرات کرے گی۔

