ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) نو منتخب امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم سید عریف اللہ سیفی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جماعت اسلامی اپنے قیام کے اول روز ہی سے خدا کی زمین پر خدا کے نظام کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے، جماعت اسلامی میں جمہوری اقدار برقرار رکھنے کے لیے مرکزی امیر سے لے کر تحصیل کے امیر تک باقاعدہ استصواب رائے کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے، باقی جماعتیں جمہوریت کی بات تو کرتی ہیں لیکن دور دور وہاں جمہوریت نظر نہیں آتی، جماعت اسلامی روایتی سیاسی و مذہبی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے جس کا مقصد ونصب العین حکومت الٰہیہ کا قیام ہے جس کے لیے وہ پرامن سیاسی جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز جماعت اسلامی میں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ان شاء اللہ ملک میں اسلامی انقلاب برپا ہو کر رہے گا کیونکہ نظام مصطفی کے نفاذ ہی میں ہماری کامیابی ہے، جماعت اسلامی اقامت دین کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، ہماری ساری وفاداریاں جماعت اسلامی اور اس کے نصب العین کے ساتھ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق امیر نے جانفشانی، محنت اور لگن سے جماعت کے کام کو آگے بڑھایا۔ سید عریف اللہ سیفی نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ممبرسازی مہم تیز کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد کو جماعت کا ممبر بنائیں۔
