English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان جرنیلوں اور سرمایہ کاروں کا نہیں نوجوانوں کا ہے،حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، سی ای او الخدمت نوید علی بیگ، امیر ضلع شرقی نعیم اختر گلشن اقبال کراچی میں الخدمت کے تحت بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے منگل بازار گراؤنڈ گلشن اقبال بلاک میں الخدمت کے تحت بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جرنیلوں، سرمایہ کاروں کا نہیں، نوجوانوں کا پاکستان ہے، کوئی اپنی دولت اور بندوق سے پاکستان کا مالک نہیں بن سکتا، ہم پاکستان کے حقیقی مالک ہیں اور تعلیم کے راستے سے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ بنائیں گے، ہمیں اس ملک کو ایسا پاکستان بنانا ہے، جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی تھیں، ہم دین کی بنیاد پر ملک کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، جس میں سب کے لیے عدل کا ایک ہی نظام ہوگا، امیر اور غریب سب کے لیے یکساں نظام تعلیم ہوگا۔ ایک نظام، ایک نصاب، ایک معیار پاکستان کے25 کروڑ لوگوں کا حق ہے۔ کراچی کے طلبہ کے ساتھ فیسوں کی وصولی میں زیادتی کی جا رہی ہے، کراچی اور سندھ یونیورسٹی کے طلبہ کی فیسوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے، کراچی کے طلبہ سے بھی اتنی ہی فیس لی جائے، جتنی سندھ
یونیورسٹی کے طلبہ سے وصول کی جا رہی ہیں۔ بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0 سے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، سی ای او الخدمت نوید علی بیگ، امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کے خطاب سے قبل قائدین کے ہمراہ ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہا کہ حکومت و ریاست کے پاس جو وسائل موجود ہیں وہ عوام سے ہی وصول کیے جاتے ہیں۔ کراچی پاکستان کو65 فیصد ریونیو جنریٹ کرکے دیتا ہے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان چلتاہے۔ ایک این جی او جب ہزاروں طلبہ و طالبات کو پڑھا سکتی ہے تو حکومت و ریاست کیوں نہیں کرسکتی۔ اگر حکومت و ریاست عوام کو تعلیم نہیں دے رہی تو ہم پر فرض ہے کہ ایسے لوگوں کو اپنے سروں سے ہٹا دیں، جو ہمارے ہی ٹیکسوں کا پیسہ ہم پر خرچ نہیں کرتے۔ نوجوان طلبہ و طالبات آئی ٹی کے کورسز مکمل کریں اور پھر دوسروں کو فری کورسز کروائیں۔ منظم طریقے سے نوجوانوں کو مایوس کیا جا رہا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں کچھ نہیں ہے۔ پاکستان میں بے شمار وسائل ہیں اور معدنیات ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ملک میں بے شمار خزانے دیے ہیں، ہمارے نوجوان باہر کیوں جائیں۔ نوجوان ملک پر اعتماد کریں، یہ ہمارا ملک ہے، ہم ہی اس ملک کو سنواریں گے، چند ہاتھوں سے نکال کر مجبوروں، محروموں اور مظلوموں کے ہاتھ میں اس ملک کی باگ ڈور دیں گے۔ ہمارا انقلاب پر امن، تعلیمی ہے آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گلشن اقبال کے ہزاروں طلبہ و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے آئی ٹی کورسز کے لیے پروگرام میں شرکت کی۔ پاکستان میں60 فیصد افراد ایسے ہیں جن کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔ پاکستان میں بہت بڑی تعداد یوتھ کی ہے، جو بہت بڑی طاقت ہے۔80 فیصد افراد40 سال کی عمر پر مشتمل ہیں۔ ہم ہر نوجوان کو پڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم نے آج سے2 سال قبل بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا آغاز کیا تھا۔آج کراچی میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ شہر میں9واں بڑا پروگرام ہے۔ بنو قابل پروگرام سے50 ہزار طلبہ و طالبات پاس آؤٹ ہوچکے ہیں، کورسز مکمل کرچکے ہیں۔ ہم صرف آئی ٹی کے کورسز نہیں کروا رہے بلکہ ان کے لیے ملازمتوں کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔ ہم آئی ٹی کورسز کے مقابلے کروا کر ابتدا میں10 ہزار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ ہم صرف لیپ ٹاپ تقسیم کرکے آئی ٹی کورسز کا اعلان نہیں کر رہے بلکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کریں گے۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ آج بنو قابل میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہزاروں نوجوانوں کو پڑھانے کا بیڑا اٹھایا۔ ہمارے اسکولز اور کالجز کے تعلیمی نظام میں صرف رٹوایا جاتا ہے۔ آئی ٹی کے میدان میں رٹوایا نہیں جاتا بلکہ دماغ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ آئی ٹی کی فیلڈ ڈگری اور ڈپلوما کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یورپی ممالک میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ بچوں کو آئی ٹی کی فیلڈ میں ملازمت دی جاتی ہے۔ ڈیڑھ لاکھ میں سے70 ہزار طلبہ صرف بھارت سے ہوتے ہیں۔ کراچی میں بنو قابل نوجوان طلبہ و طالبات کے پاس بہترین موقع ہے۔ نوجوان بہترین موقع سے فائدہ اٹھائیں اور آئی ٹی کے میدان میں اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ جاپان اور کوریا میں یوتھ کی تعداد بہت کم ہے۔ آج یہی جاپان اور کوریا پاکستان سے کہتے ہیں کہ ہمیں30 ہزار یوتھ بھیجیں جو آئی ٹی کے میدان میں بہترین ہوں، انہیں ہم بہترین معاوضہ دیں گے۔ اس موقع پر نوید علی بیگ نے کہا کہ بنو قابل4.0 کا 9واں پروگرام کراچی میں شروع کیا جا رہا ہے۔ آئندہ ہفتے مزید بنو قابل4.0 کے پروگرامات ہوں گے۔ کراچی کے تمام پروگرامات میں علم حاصل کرنے کا جذبہ اور روشن چہرے نظر آتے ہیں۔ کراچی کے نوجوان بچے اور بچیاں الخدمت و جماعت اسلامی سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں۔ آج سے2 سال قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے بنو قابل پروگرام شروع کیا گیا۔ گزشتہ 2 سال میں50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات فری کورسز کرچکے ہیں۔ ہزاروں طلبہ و طالبات ماہانہ3 سو سے زائد ڈالر کما رہے ہیں اور جاب بھی کر رہے ہیں۔ الخدمت نے بنو قابل پروگرام کے ساتھ ساتھ banoqabiljob.com پورٹل بھی بنا دیا ہے۔ طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرنے کے بعد پورٹل میں رجسٹرڈ کروائیں۔ الخدمت و جماعت اسلامی نوجوان طلبہ و طالبات کا ہاتھ تھامے رکھیں گے۔ ہم نے5 کورسز سے آغاز کیا تھا اور آج28 کورسز کروا رہے ہیں۔ الخدمت و جماعت اسلامی کے بہترین اساتذہ کورسز کروائیں گے۔ آغاز میں ہمارے پاس صرف9 مراکز تھے اور آج55 مراکز ہیں، جہاں فری آئی ٹی کورسز ہو رہے ہیں۔ آئی ٹی کے میدان میں بہت مواقع ہیں، طلبہ و طالبات دل لگا کر اور محنت سے کورسز کریں۔ بنو قابل پروگرام گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس سے ملک بھی ترقی کرے گا۔ منگل بازار گراؤنڈ بلاک 13-B میں منعقدہ ٹیسٹ میں شریک طلبہ طالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا، ہزاروں طلبہ و طالبات سے1 گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا، کامیاب طلبہ و طالبات کو ویپ ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا، جس پر ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہوا تھا، جس پر تحریر تھا کہ ’’اب وقت ہے آگے بڑھنے کا‘‘ اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب ایس ایم ڈی لگائی گئیں تھیں جس پر بنو قابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایا جا رہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے