ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) اماراتی درالحکومت ابوظبی میں تیسرے فنانشل ویک کاآغاز ہوگیا۔ ابوظبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ پروگرام ابوظبی گلوبل مارکیٹ (اے ڈی جی ایم ) اور ہولڈنگ کمپنی (اے ڈی کیو) کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے،جو 12 دسمبر تک جاری رہے گا۔ویلکم ٹو دی کیپیٹل سٹی کے موضوع پر مبنی یہ فنانشل ویک دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے مالیاتی رہنماؤں، پالیسی سازوں، کارپوریٹ ایگزیکٹوز اور سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ کانفرنس کے دوران 50 سے زائد اہم پروگرام اور خصوصی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں مالیاتی ٹیکنالوجی کی جدت اور سرمایہ کاری کے رجحانات جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ولی عہد کی کئی بین الاقوامی مالیاتی ماہرین سے ملاقات طے ہے۔
