سجاول(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کہا ہے کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے مستقبل کے معماروں کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر نتائج کے حصول کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16- دسمبر 2024ء سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربار ہال سجاول میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند محکمہ صحت و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو مزید ہدایت دی کہ ضلع بھر کے گھر گھر بشمول دور دراز علاقوں میں بھی پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران ٹرانزسٹ پوائنٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کو چند منٹوں کے لئے روکیں تاکہ پولیو ورکرز سفر کرنے والے بچوں کو آسانی سے قطرے پلا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام باالخصوص والدین سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پیدائش سے 5 سال تک عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں ہمیشہ کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ قبل ازیں این اسٹاپ افسر ڈاکٹر کریم بخش گاڈہی نے اجلاس کو گزشتہ مہم کی پیشرفت جبکہ آئندہ مہم کی تیاریوں اور انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مہم کے دوران ضلع بھر کے ایک لاکھ 83 ہزار 38 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس ضمن میں 555 گشتی ٹیمیں، 47 فکسڈ، 31 ٹرانزسٹ پوائنٹس جبکہ 143 ایریا انچارچز، 41 یو سی ایم اوز مقرر کئے گئے ہیں تاکہ مقررہ حدف حاصل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر غلام فاروق چانڈیو سمیت محمکہ ریونیو، صحت، پی پی ایچ آئی، این اسٹاپ، ڈبلیو ایچ او، لوکل گورنمنٹ، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
