English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کنری، انیل کمار مہیشوری کا خاندان کے ہمراہ احتجاج

القمر

کنری(جسارت نیوز)آٹا چکی میں ڈکیتی کا معاملہ ،ڈکیتی الزام کی زد میں آنے والے انیل کمار مہیشوری کا عمر رسیدہ والدہ،اہلیہ اور رشتہ داروں کے ہمراہ زیادتی کیخلاف مظاہرہ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب گوہر پیٹرول پمپ کے قریب اویس ظاہر آرائیں اور ان کے ملازمین کو ڈکیتی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے یرغمال بنا کر چکی کا سامان موٹریں،سولر پینل اور موبائل فونز لوٹنے کے الزام کی زد میں آنے والے کنری کے رہائشی انیل کمار مہیشوری نے اپنی عمر رسیدہ والدہ،اہلیہ اور رشتہ داروں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کنری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ دو سال قبل اس نے کنری،عمرکوٹ روڈ پر گوہر پمپ کے قریب اویس ظاہر آرائیں سے دو دکانیں کر ائے پر لیکر وہاں آٹا چکی لگائی دکانوں کا ایگریمنٹ،بنک ٹرانزیکشن کی رسیدیں اور سامان کے بل بھی ان کے پاس موجود ہے ہماری رات دن کی محنت کے باعث جب چکی کا کام عروج پر پہنچ گیا تو اویس ظاہر کی نیت خراب ہوگئی اور ہمیں ضحیلے بہانوں سے تنگ کرنا شروع کردیا بالاآخر دو ماہ قبل چکی کی بجلی اور سولر کی لائٹ منقطع کرکے ان کو چکی سے بے دخل کرکے چکی کو تالے لگا دئیے اور ہمارے سارے سامان پر قبضہ کرلیا جس کے بعد چکی خود چلانا شروع کردی ہم نے شہر کے معززین سے بھی داد فریاد کی لیکن کوئی ازالہ نہ ہوسکا،اویس ظاہر نے الٹا ہمارے خلاف عدالت میں پولیس اور غنڈے لاکر چکی پر قبضہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ دائر کردیا اور عدالت کو بتایا کہ ایگریمنٹ اور میرے دستخط جعلی ہیں ووٹر لسٹ سے شناختی کارڈ نمبر لیکر کر ایگریمنٹ پر تحریر کیا گیا ہے۔انیل کمار نے مزید بتایا کہ اویس ظاہر نے خود ہی چکی کا سارا سامان اور سولر پینل رات کی تاریکی میں نکلوا کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور مجھ سمیت 30 سے 35 افراد پر ڈکیتی کرنے کا الزام لگا دیا ہے اس نے بتایا کہ ڈکیتی میں شامل اعجاز بھٹی اور رشید بھٹی جن کے نام اور چہروں سے بھی میں ناواقف ہوں۔انہوں نے بتایا کہ معاملے کا فیصلہ سٹی چیئرمین کے پاس رکھا گیا تھا لیکن فیصلے سے دو دن پہلے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا گیا۔انیل کمار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے گھر کا زیور بیچ کر اور ساری جمع پونجی لگا کر دکانیں اویس آرائیں سے کرائے پر لیکر چکی لگائی تھی تاکہ بچوں کا گزر بسر کر سکیں لیکن ان ظالموں نے ہم پر قیامت ڈھا دی،چکی پر قبضہ کرکے ہمارے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ان کے گھر میں فاقے پڑ گئے ہیں اور بچوں کی اسکول کی فیسیں دینا بھی دشوار ہوگیا ہے خدارا ہمیں انصاف دلایا جائے۔انیل کمار مہیشوری نے حلقہ کے ایم این اے،ایم پی اے ودیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر چکی کا سامان اور ان سے لیے گئے امانت کے 8 لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم ان کو واپس دلائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے