کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنمائوں ممتاز سہتو، صوبائی امیر کاشف سعید شیخ، حافظ نصراللہ و دیگر نے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کو بنیادی حق قرار دے کر ڈیجیٹل بل آف رائٹس لانے کے دعویدار بلاول بھٹو زرداری کی پارٹی سندھ میں 16 سال سے برسر اقتدار ہے لیکن عوام پانی، صحت، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے، کندھکوٹ سمیت سندھ بھر میں عملی طور پر ڈاکوئوں کا راج ہے، شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو محفوظ نہیں، بلاول بھٹو سب سے پہلے سندھ میں ڈاکو راج ختم کرکے اپنے صوبے کے عوام کو عزت کے ساتھ زندہ رہنے کا حق دلائیں۔ سندھ کے پانی پر ڈاکا، کارونجھر کی کٹائی اور کچے کے ڈاکوئوں کو پیپلزپارٹی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، درجنوں لوگ اس وقت بھی کچے کے ڈاکوئوں کے چنگل میں ہیں لیکن حکومت سب کچھ ٹھیک کے دعوے کرتے نہیں تھکتی جو ان کی ناکامی اور بے حسی کی انتہا ہے، جماعت اسلامی سندھ میں ڈاکو راج اور حکومتی بے حسی کیخلاف جلد تمام سیاسی و سماجی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ میں جنگل کا قانون اور آج کے جدید دور میں سندھ کی عوام زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہے۔
